وقاص احمد : لاہور میں تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالنے پر وزیراعلیٰ پنجاب پولیس افسران پر برس پڑیں، قافلوں کی شکل میں آنیوالے کارکنوں کو نہ روکنے پر پولیس افسران کی سرزنش کی گئی۔
لاہورمیں تحریک انصاف کی جانب سے ریلی کیسے نکالی گئی؟ پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلی منعقد ہونے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز لاہور پولیس پر برہم ہوگئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہر بھر سے پی ٹی آئی کارکنان کی ریلی پریس کلب پہنچ گئی اور پولیس افسران کو پتہ ہی نہیں چلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی نہ روکنے پر ڈی آئی جی آپریشنز کی سرزنش کی گئی۔ وزیراعلی کی سرزنش کے بعد ڈی آئی جی نے ایکشن لیکر غصہ ایس ایچ اوز پر نکال دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی نکالی تھی۔ ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف علاقوں سے قافلوں کی شکل میں آئے تھے۔ ریلی میں شریک پی ٹی آئی کارکن عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ کارکنوں نے عمران خان کی تصاویر اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے اور ریلی میں شریک کارکن مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب بھی ہیں۔