علی رامے: پنجاب میں سرکاری افسران و ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، نگران وزیر اعلی پنجاب نے وفاق کے فارمولا کے مطابق تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری،تنخواہوں او رپنشن میں اضافہ
گریڈ ایک سے 16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ ہوگا
تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ پر ہوگا، پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی
محرم الحرام کے دوران وزراء کو متعلقہ ڈویژن میں ڈیوٹیاں تفویض کرنے کا فیصلہ،سیلاب کے دوران وزرا ء کرام فیلڈمیں موجود رہیں گے
مری میں شدید برفباری کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی
چینی کی سمگلنگ او رنرخ میں استحکام کیلئے پائیدار اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت، ریسکیو1122کیلئے 2نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کی اصولی منظوری
ایک ہیلی کاپٹر ایئر ایمبولینس کے طورپر استعمال ہوگا جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر سیلاب یا کسی اور ناگہانی صورتحال میں ریسکیوآپریشن کیلئے استعمال کیاجائیگا
کابینہ کے اجلاس میں گریڈ ایک سے گریڈ16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ ہوگا۔ تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ پر ہوگا۔اجلاس میں پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافے کا فیصلہ کیاگیا۔ پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محرم الحرام کے دوران وزراء کو متعلقہ ڈویژن میں ڈیوٹیاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔سیلاب کے دوران وزرا ء کرام فیلڈمیں موجود رہیں گے۔مری میں شدید برفباری کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی کی سمگلنگ او رنرخ میں استحکام کے لئے پائیدار اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ریسکیو1122کے لئے 2نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ایک ہیلی کاپٹر ایئر ایمبولینس کے طورپر استعمال ہوگا جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر سیلاب یا کسی اور ناگہانی صورتحال میں ریسکیوآپریشن کے لئے استعمال کیاجائے گا۔
محکمہ آبپاشی کے لئے سیلاب کے دوران ضروری اخراجات کے لئے 4ارب 40کروڑ روپے کے ا جراء کی منظوری دی گئی او راس ضمن میں خصوصی وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی،کمیٹی اخراجات کے حوالے سے فوری طورپر فیصلہ کر کے منظوری دے گی۔
محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت اور عسکری قیادت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور محرم الحرام کے دوران امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔
نگراں صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ دریائے راوی کی گزر گاہ میں موجود آبادیوں کو سیلاب کے خدشے کے پیش نظر خالی کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گزر گاہو ں کے راستوں میں آنے والی آبادیوں کا انخلا بروقت یقینی بنایا جائے۔
پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشن ایکٹ 2003کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے بورڈ آف مینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن (ریفارمز) ایکٹ 2020 کے سیکشن (3)1کے تحت میڈیکل انسٹی ٹیوشن اور سیکشن 7 کے تحت بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔
نگراں حکومت نے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے امور کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کے سپرد کرنے او ر پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ (SMU) پروگرام کے16 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی بھی منظوری دی۔
ملتان کے ریلوے پھاٹک شجاع آباد ایکسپریس وے پر فلائی اوورکی تعمیر کی سکیم سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹرانسفر پالیسی میں عوام کی سہولت کے لئے ترمیم او رریٹس میں کمی کی منظوری دی گئی۔
نگراں کابینہ کے اس اہم اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔