سگیاں،لکھو ڈیر مویشی منڈی میں ساہیوال نسل کے بیلوں کی دھوم

22 Jul, 2020 | 11:08 AM

Sughra Afzal
Read more!

(فاران یامین، عمران یونس) مویشی منڈیوں میں صحرائی جہازوں کی آمد، سگیاں اور لکھو ڈیر مویشی منڈی میں بیلوں نے اپنی خوبصورتی اور وزن میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، ہر جانور اپنے وزن، رنگ اور قد میں منفرد ہے اور خریداروں کو اپنا گرویدہ بنائے ہوئے ہے۔

سگیاں مویشی منڈی میں تیس من وزنی بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز ہے، ساہیوال نسل کے اس بیل کی قیمت 25 لاکھ روپے ہے، 13 لاکھ قیمت لگ چکی ہے مگر مالک دینے کو تیار نہیں۔

لکھو ڈیر مویشی منڈی کا بیل بھی وزن، قد اور خوبصورتی میں کسی سے کم نہیں، بھوری آنکھیں، براؤن رنگ اور سر پر پھولوں کا تاج ہے، اس کا وزن 60 من ہے اور قیمت 32 لاکھ، 22 لاکھ روپے قیمت لگ چکی ہے مگر مالک 25 لاکھ سے کم پر ماننے کو تیار نہیں۔

 دونوں بیلوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیلوں کو بچوں کی طرح پالا ہے، مکھن کھلایا اور دودھ پلایا ہے۔ خریدار بھی بیلوں کی خوبصورتی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، بیلوں کو خریدنے کیلئے پیسے جیب سے نکلیں یا نہ مگر سلفی کیلئے موبائل فون ضرور نکل آتا ہے۔

ادھر بھکر سے آنے والے صحرائی جہاز بھی لکھو ڈیر مویشی منڈی کی شان بڑھا رہے ہیں، اونٹوں کے جسم پر بنے نقش و نگار اِن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہے ہیں، جسم پر پھول موتیوں کی مالا، بالوں کا سیاہ رنگ، پاؤں میں گھنگھروں کی آواز بہت خوب لگ رہی ہے، لکھو ڈیر مویشی منڈی میں صحرائی مہمانوں نے سب کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے، اونٹوں کی قیمت 7 لاکھ سے ایک لاکھ چالیس ہزار تک ہے۔

ادھر بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کیلئے لاہور ڈویژن کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں موبائل اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی گئی جو چاند رات تک رہے گی۔

مزیدخبریں