(حافظ شہباز علی) قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرف سے معاوضے نہ ملنے پر ایشین گیمز کے لئے جاری تربیتی کیمپ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی کام کر گئی، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو معاوضے ادا کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کے معاوضے ادا کرنے کیلئے فنڈز کے حصول کی کوششیں تیز کرتے ہوئے حکومت سے رابطہ کیا ہے کہ ایشین گیمز جیسے اہم ایونٹ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کے معاوضے ادا کرنا ضروری ہے۔
پی ایچ ایف حکام نے مقامی کوچز کے ذریعے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے رابطہ کر کے ان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کیمپ کا بائیکاٹ نہ کریںایشین گیمز کے لئے ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں کے تمام واجبات ادا کردئیے جائیں گے۔ جس پر قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے ٹیم کوچز کو مشروط طور پر ایشین گیمز کے کیمپ کا بائیکاٹ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔