ویب ڈیسک:جان لیوا مرض کینسر سے ہر برس لاکھوں افراد موت کے منھ میں چلے جاتے ہیں ۔کینسر کے کیسز میں بھی ہوش ربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے
ہر شخص کینسر سے بچنے کے لیے طریقہ ڈھونڈ رہا ہے ۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اگر آپ کینسر جیسے مرض سے بچنا چاہتے ہیں تو جسمانی فٹنس پر توجہ دیں کیونکہ مسلز کی مضبوطی اور اچھی جسمانی فٹنس سے کینسر کے شکار افراد میں موت کا خطرہ تک نمایا ں کم کر ہوجاتا ہے ۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے ۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ مسلز کی مضبوطی کو بڑھانے اور کارڈیو فٹنس کو بہتر بنانے سے کینسر کے مریضوں میں بچنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔کارڈیو فٹنس سے مراد ورزش کرتے ہوئے جسم کی آکسیجن کو جذب کرنے اور مسلز سمیت اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔
واضح رہے کہ دو برس قبل 2022 میں دنیا بھر میں 2 کروڑ افراد میں کینسر کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک کروڑ کے قریب مریض اس مرض کے باعث ہلاک ہوگئے۔محققین کے مطابق لگتا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں کینسر سے اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔محقیقن کا کہنا تھا کہ کینسر کی روک تھام، تشخیص اور علاج میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، مگر علاج کرانے سے بہت زیادہ مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں جس سے بھی مریضوں کی موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں 47 ہزار مریضوں پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ سب مریض کینسر کی متعدد اقسام کے شکار تھے اور ہر ایک میں مرض کی شدت بھی مختلف تھی۔کارڈیو فٹنس کا جائزہ ورزش کے ٹیسٹ یا 6 منٹ کی چہل قدمی کے ٹیسٹ سے لیا گیا۔
نتائج سے ثابت ہوا کہ مسلز کی مضبوطی اور اچھی جسمانی فٹنس سے کینسر سے موت کا خطرہ 31 سے 46 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ مسلز کی مضبوطی میں معمولی اضافے سے موت کا خطرہ مزید 11 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلز کی مضبوطی سے کینسر کے مریضوں میں موت کے خطرے کا تعین کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اگر آپ ورزشوں سے مسلز کو مضبوط بناتے ہیں تو مرض کے باوجود طویل زندگی کا امکان بھی بڑھتا ہے۔