ملک اشرف : ہائی کورٹ کے جج نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری مہدی حسن کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت سے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے معذرت کر لی ہے۔
جسٹس فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ذاتی طور پر درخواست پر سماعت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بجھوا دی اور درخواست کو کسی دوسرے بینچ کے سامنے پیش کرنے کی سفارش کر دی ۔
جسٹس فاروق حیدر کے روبرو پی ٹی آئی رہنما چوہدری مہدی حسن کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل شہرام ساقی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے۔ حکومتی ادارے کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور ساتھ ہی سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کرنے سے روکنے کا حکم بھی دیا جائے۔