راؤ دلشاد: پنجاب حکومت نے پولیس ملازمین کیلئے شہدا پیکیج کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت 11 پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گرانٹ اور گھر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اجلاس ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سید خرم علی، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر زیشان حنیف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہید پولیس اہلکاروں کے لئے گرانٹ کی منظوری دی گئی، جن میں شہید اے ایس آئی نذیر احمد، اے ایس آئی محمد نواز، کانسٹیبل ارشد، ضیاء اختر، محمد خلیل، عابد علی، محمد احسان، محمد مبشر بلال، انسپکٹر محمد افضل، کانسٹیبل محمد سہیل اور سید طاہر رضا شامل ہیں۔
پولیس شہدا کے پیکیج ٹو کے تحت گرانٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ شہید کانسٹیبل کی فیملی کو 40 لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 1 کروڑ 89 لاکھ روپے ملیں گے، جبکہ شہید اے ایس آئی کی فیملی کو 50 لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ شہید انسپکٹر کی فیملی کو 60 لاکھ روپے کی گرانٹ اور گھر کے لیے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔