عام انتخابات کی تیاریوں،سیکیورٹی پلان اور ٹرانسپورٹیشن پلان کے بارے اجلاس

22 Jan, 2024 | 09:56 PM

سٹی42: صوبائی الیکشن کمیشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے حکم جاری کیا ہے کہ حساس پولنگ سٹیشن کے ہر بوتھ پر کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔

 پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان اور چیف سیکرٹری پنجاب نے میٹنگ کی، میٹنگ میں آئی جی پنجاب، متعلقہ سیکریٹریز اور دیگرافسران سمیت  پنجاب کے تما م  کمشنرز، ڈپٹی کمشنر ز، ریجنل پولیس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

 اجلاس میں انتخابات کے لئے سیکیورٹی پلان ، ٹرانسپورٹیشن پلان اور کمیونیکیشن پلان کے حوالے سے بات کی گئی، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے انتخابی عملے کی ٹریننگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے احکامات کے بارے میں آگاہ کیا، ڈپٹی کمشنرز کو ٹریننگ میں غیر حاضر ہونے والے پولنگ سٹاف کے خلاف سخت قانونی  کارروائی کی ہدایات بھی کی گئی۔

 صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے سیکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کے لئے مناسب انتظامات کرنے، آئی جی پنجاب کو پنجاب کے تمام اضلاع کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرنے اور تمام ڈپٹی کمشنر ز کو پولنگ میٹریل اور سٹاف کی دفتر ریٹرننگ آفیسر سے پولنگ سٹیشن اور واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ پلان تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

 صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حکم جاری کیے کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشن کے ہر بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے، تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران پولنگ بیگ کی تیاری کے عمل کی از خود نگرانی کریں، پولنگ سٹیشنز پرتمام بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران مانیٹرنگ کے میکانیزم کو مزید مؤثر کریں، شکایا ت کے ازالے کیلئے کنٹرول رومز کو  مزید فعال کیا جائے۔

 صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو الیکشن میٹریل اور بیلٹ پیپر ز کی ترسیل و سٹوریج کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کیں، انہوں نے حکم دیا کہ انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو سختی سے یقینی بنائے۔
 

مزیدخبریں