سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیربھٹوکے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتاہوں۔ہم غریب اور کسان دوست سیاست کریں گے۔حکومت آنے پر میری ذمہ داری ہوگی کہ نوجوانوں کو نوکری دوں۔کسانوں سے وعدہ کرتاہوں حکومت آنے پر فصل کی قیمت ملے گی۔
بلاول بھٹو نے یہ باتیں ساہیوال کے ہاکی سٹیڈیم میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزررہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل حل کرسکتی ہے۔ ملک میں بھائی کو بھائی لڑایاجارہاہے۔ ہم آپس میں لڑیں گےتو ملک دشمن فائدہ اٹھائیں گے۔ میں الیکشن نفرت اور تقسیم کو دفن کرنے کیلئے لڑرہاہوں۔آپ نے انتقام اور نفرت کی سیاست کرنی ہے تو شیر پر مہرلگائیں،اگر آپ نے نوجوان قیادت کو لانا ہے تو تیر پر مہرلگائیں، ہم نے نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرنی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزررہا ہے۔ پنجاب میں ایسے نوجوان ہیں جو روزگار کیلئے دھکے کھا رہے ہیں۔ میری حکومت آنے پر میری اولین ذمہ داری ہو گی کہ نوجوانوں کو روزگار دوں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، عوام کو ایک دوسرے سے لڑوایا جا رہا ہے، ہم آپس میں تقسیم اور لڑتے رہیں گے تو ملک دشمن عناصر کو فائدہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کی قسمت بدلیں گے، مسائل حل کریں گے اس کیلئے 4 نہیں صرف ایک بار موقع چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اشرافیہ کو ملنے والی 15 سو ارب کی سبسڈی بند کروا کر کسانوں کو دلوائیں گے، قائدعوام نے کسانوں اور غریبوں کا خیال رکھا، ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملی تو خواتین کو بلا سود قرضے اور کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے، کسان کو فصل کی اصل قیمت اور انشورنس فراہم کی جائے گی۔
ساہیوال بول پڑا!
چئیرمین بلاول بھٹو نے ساہی وال جلسہ کے حوالے سے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے,"ساہیوال بول پڑا! مزدور، کسان، خواتین، غریب اور نوجوان پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کے نئے راستے کے ہمارے پیغام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوام ایک روشن مستقبل کا مطالبہ کرتے ہیں، ماضی کے انتقام اور شکار سے پاک۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو نفرت اور تفرقہ بازی کی سیاست کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمارے ساتھ شامل ہوں، اور ہم سب کے لیے ایک پرامن، ترقی پسند، اور خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں۔"