سٹی42: کراچی میں ساؤتھ زون پولیس نے ایران سے چلائے جا رہے لیاری گینگ وار کے ارسلان پٹنی گروپ کے 2 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا.
ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ بھتہ خوری کے مقدمات میں ملوث ملزمان سے 2 پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان عثمان اور عبدالرؤف کو تھانہ کلاکوٹ کی حدود سے انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اسد رضا نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے ارسلان پٹنی گروپ سے ہے۔ گروپ کا سرغنہ ارسلان پٹنی اس گروپ کو ایران سے چلارہا ہے۔
گرفتار ہونے والے دونوں نوجوان ارسلان پٹنی گروپ کی طرف سے تاجروں کو بھتہ کی پرچیاں دیتے تھے۔وہ بھتہ کیلئے ٹارگٹ کی ریکی بھی کرتے تھے اور سرغنہ کی ہدایات پر ٹارگٹ افراد کی سرگرمیوں کی ویڈیو ز بھی بناتے تھے۔
ملزمان ریکی کرکے بھتے کی پرچی دینے کا کام کرتے تھے. بھتہ کی رقم موصول ہونے کے بعد رقم کو ایران ارسلان پٹنی تک پہنچایا جاتا تھا. ارسلان پٹنی اس وقت ایران میں روپوش ہے, اور اس گروپ کو ایران سے آپریٹ کر رہا ہے. ملزمان کے کریمنل ریکارڈ کی چھان بین کی جا رہی ہے اور ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفتیش میں مزید حقائق سامنے آنے کی امید ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات پہلے سے درج ہیں.