(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز اور دوسرے جرائم کیساتھ ساتھ نوسربازی بھی اپنے عروج پر ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ کراچی کی شاہ فیصل کالونی میں پیش آیا جہاں امتیاز احمد نامی شہری کو اے ٹی ایم کے باہر کھڑے شخص سے مدد لینا مہنگا پڑا۔ امتیاز احمد کو اے ٹی ایم مشین کے استعمال کے دوران مبینہ ملزم نے 3 لاکھ 20 ہزار کا چونا لگا دیا۔
شہری کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے نوسرباز نے مختلف بینکوں سے رقم نکلوا لی، امتیاز احمد نے مبینہ فراڈ سے متعلق درخواست شاہ فیصل تھانے میں جمع کروا دی لیکن تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب بنک عملہ بھی پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی فراہمی سے متعلق تعاون نہیں کررہا۔اس کے بعد امتیاز احمد نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کرنے کی کوشش بھی کی لیکن کامیابی نہیں ہوسکی۔امتیاز احمد کے مطابق یہ کچھ پیسے انہوں نے بیٹی کی شادی کی تیاریوں کیلئے جمع کیے تھے۔