سٹی 42: پاکستان کے نامور کالم نگار اور ’’ میرے پاس تم ہو‘‘جیسے شاہکار ڈرامے کے خالق اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر اب سیاسی شو کی میزبانی کرنے جارہے ہیں۔
خلیل الرحمان قمر کا شمار پاکستان کے معروف مصنفوں میں ہوتا ہے جن کے کریڈٹ پر کئی کامیاب ڈرا مے جیسے ’’پیارے افضل‘‘، ’’صدقے تمہارے‘‘، ’’ذرا یاد کر‘‘، ’’ میرے پاس تم ہو‘‘، اس کے علاوہ ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’کاف کنگنا‘‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
تاہم بہترین مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ خلیل الرحمان قمر مختلف ٹاک شوز کے دوران لڑائیوں اور خواتین سے متعلق متنازع بیانات دینے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ گزشتہ برس ان کی ایک ٹاک شو کے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والی لڑائی نے پورے پاکستانی میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا۔ جب کہ ایک شو کے دوران انہوں نے خواتین سے متعلق بیان دیا تھا کہ اگرعورتیں مردوں کی برابری کی بات کرتی ہیں تو مرد کا گینگ ریپ بھی کرلیں۔ اس بیان نے خلیل الرحمان کے چاہنے والوں کو دو دھڑوں میں تقسیم کردیا تھا۔
گزشتہ برس ڈراما سیریل ’’ میرے پاس تم ہو‘‘ کی وجہ سے تعریفیں اور متنازع بیانات دینے کی وجہ سے تنقید بٹورنے والے مصنف خلیل الرحمان قمر اب ایک سیاسی ٹاک شو کی میزبانی کرنے جارہے ہیں۔ ان کا ٹاک شو نجی چینل پر نشر کیا جائے گا۔
خلیل الرحمان قمر اپنے شو کے پرومو میں کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں ’’پبلک پوچھتی ہے جہاں سوچ بریانی کی پلیٹ اور ایمان گھی کے ڈبے پر بک جاتا ہو، وہاں جمہوریت سچ مچ انتقام ہوتی ہے یا جمہوریت ہم سے انتقام لے رہی ہوتی ہے۔ آپ کہتے ہو سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی تو پبلک پوچھتی ہے تو سیاست کیا جھوٹ کانام ہے؟‘‘
لوگوں نے خلیل الرحمان قمر کے شو کے حوالے سے کمنٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس شوکا انتظار ہے۔ تاہم ابھی تک اس شو کے نشر ہونے کی تاریخ منظرعام پر نہیں آئی۔
View this post on Instagram