(جنیدریاض)صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں میں طلباء کو انگریزی نصاب پر عبور دلانے کے لئےصوبہ بھر کے اساتذہ کو برٹش کونسل کے تعاون سے تربیت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت اساتذہ کی انگریزی زبان پرعبور کے لئےتربیت کے حوالے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان، ڈی جی قائد عشرت اللہ خان نیازی، ایڈیشنل ڈی جی قائد و دیگر شریک ہوئے۔ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی انگریزی زبان پر عبور کے لئے برٹش کونسل کے تعاون سے تمام اساتذہ کی ٹریننگ کا قیام قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کے ہیڈکوارٹرز میں کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ انگریزی کو بطورمضمون بہتر سے بہتر انداز میں پڑھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ ہم طلبا کی جدید طریقوں سے انگریزی زبان کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ اس مد میں تمام فیصلے حتمی مراحل میں داخل ہوتے ہی اہم اعلان کیا جائے گا۔