باغوں کے شہر لاہور کو خوشبوؤں کا شہر بنانے کی تیاریاں

22 Jan, 2021 | 09:40 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) باغوں کے شہر کو خوشبوؤں کا شہر بنانے کی تیاریاں، آئندہ ہفتے سے کام کا باقاعدہ آغاز، داخلی و خارجی راستوں پر پھول پودے لگائے جائیں گے۔

باغوں کے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی نے داخلی اور خارجی راستوں، بابو صابو اور گلشن راوی چوک کو بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا، کمیٹی کے سربراہ وزیر صنعت اسلم اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی اداروں کے سربراہان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر پھول اور پودے لگائے جائیں گے جبکہ سگیاں پل سے بند روڈ خستہ حال سڑک کی بحالی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

 اجلاس میں شہر کے چوراہوں، انڈر پاسز اور دیگر مقامات کی دیدہ زیب پھولوں اور پودوں سے تزئین وآرائش کا فیصلہ کیا گیا، پی ایچ اے کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ گرین بیلٹس کو بہتر کرے اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنائے.

 اسی طرح ایل ڈبلیو ایم سی کو کوڑا کرکٹ اٹھانے اور صفائی آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر معیاری لائٹس لگانے اور پیچ ورک یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویڑن، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایچ اے، ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی سمیت دیگر افسران شریک تھے۔

مزیدخبریں