مال روڈ(سعودبٹ) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے داتا دربار لاہور سمیت پنجاب کے بیس بڑے درباروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
فیصلہ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک سے وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سعیدالحسن گیلانی کی ملاقات میں کیاگیا۔وزیر اوقاف و مذہبی امور کی محکمہ توانائی آمد پر ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری توانائی عامر جان نے استقبال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اختر ملک نے داتا دربار لاہور کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا۔دربار بابا بلھے شاہ، شاہ حسین ، حضرت سلطان باہو، حضرت شمس تبریز سمیت دیگر درباروں کو سولر انرجی پر منتقل کیاجائے گا، سیکرٹری توانائی نے ایم ڈی پی کا عدنان مدثر کو جلد از جلد درباروں کا انرجی آڈٹ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر توانائی پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اداروں کو سولر پر منتقل کر رہے ہیں،پنجاب کی چالیس سے زائد جامعات اور پندرہ ہزار سکولوں کی شمسی توانائی پر منتقلی تیزی سے جاری ہے،اب تک دس ہزار سے زائد پرائمری سکول شمسی توانائی پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔
پیر سعید الحسن گیلانی نے کہا کہ بادشاہی مسجد کے شمسی توانائی پر منتقلی کے اعلان پر اختر ملک کا بہت مشکور ہوں،اختر ملک سکولوں ، جامعات اور ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے نیکی کا کام کر رہے ہیں۔