(ناصر علی) پنجاب یونیورسٹی دو طلبا تنظمیوں کے درمیان تصادم سے آج میدان جنگ بنی رہی، مشتعل طلبا نےایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، توڑ پوڑ کی اور ہاسٹلز کو آگ لگا دی۔ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آنسو گیس، شیلنگ سے مظاہرین کو منتشر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان یونیورسٹی میں پائنیئر فیسٹیول کرانے پر تصادم ہوا، مشتعل طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملہ کیاجبکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کرلی گئی، پولیس دیکھتے ہی مظاہرین نے پتھرائو شروع کردیا، جس کے نتیجے میں 2 ایس ایچ او ز زخمی ہوگئے،پولیس کئی گھنٹوں بعد آنسو گیس اور شیلنگ سے طلبا کو منتشرکرنے میں کامیاب ہوگئی، ابھی بھی پولیس یونیورسٹی میں موجود ہے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹا جاسکے۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پنجاب یونیورسٹی میں طلبا کے تصادم کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نےواقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تصادم کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔