ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیمپئنز ٹرافی؛ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری

چیمپئنز ٹرافی؛ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری

سٹی 42 :  چیمپئنز ٹرافی کے آج ہونے والے اہم میچ کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم میں سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

 چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ رانگ پارکنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اس مقصد کے لیے 20 فورک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں ہر وقت تیار رہیں گی شائقین کے لیے پارکنگ کا مکمل پلان جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت ڈیفنس سے آنے والے افراد فردوس مارکیٹ سے سینٹر پوائنٹ کا رخ کرتے ہوئے سی بی ڈی میں گاڑیاں پارک کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیروز پور روڈ سے آنے والے کلمہ چوک سے مڑ کر نیشنل پارک یا گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارکنگ کریں گے۔ اسی طرح کینٹ اور ڈیفنس کے شائقین حسین چوک یا شیرپاؤ برج سے ہوتے ہوئے مین بلیوارڈ گلبرگ پہنچ کر لبرٹی پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی کریں گے۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ مغل پورہ اور گڑھی شاہو کے رہائشی مین بلیوارڈ گلبرگ سے ہوتے ہوئے سن فورٹ ہوٹل لبرٹی پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں گے۔

 ٹریفک حکام کے مطابق کسی بھی سڑک کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، اور تمام اہم شاہراہیں جیسے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی پنجاب پولیس نے بھی ایونٹ کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

 سکیورٹی پلان کے مطابق 12,000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، اسٹیڈیم اور اردگرد کی بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔ ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکار اہم مقامات پر مسلسل گشت کریں گے جبکہ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ٹیموں کے روٹس اور اسٹیڈیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

 انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رانگ پارکنگ سے گریز کریں اور متعین کردہ پارکنگ مقامات پر ہی اپنی گاڑیاں کھڑی کریں ٹریفک اپڈیٹس کے لیے شہری "راستہ ایپ" اور ایف ایم 88.6 سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔