ویب ڈیسک : وزارت حج نے زائرین کو حرمین شریفین مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں تصاویر یا سیلفی لینے کی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے وزارت حج سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زائرین حرمین شریفین میں تصاویر یا سیلفی لینے سے گریز کریں اور حرمین شریفین کے آداب کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تصاویر یا سیلفی سے دیگر زائرین کو زحمت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ میں داخلےکے وقت تصاویر یا سیلفی سے گریز کیا جائے جبکہ زائرین حرمین میں ان راستوں پر بھی ڈیرے نہ ڈالیں جو آمدورفت کے لیے مختص ہیں۔
وزارت حج کا یہ بھی کہنا تھا کہ زائرین طواف اور نماز کے دوران فوٹو گرافی میں دوسروں کی پرائیویسی کا خیال کریں۔ بہتر یہی ہے کہ فوٹو گرافی یا سیلفی میں قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے زائرین یکسو ہو کر عبادت میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔