سید جاوید اقبال : پاکستان کے اویس منیر ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے, سیمی فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کو شکست دے دی۔
قطر کے شہر دوحہ میں جاری اے سی بی ایس ایشین مینز اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اویس اللہ منیر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
منیجر پاکستان ٹیم نوید کپاڈیہ کے مطابق سیمی فائنل میں اویس منیر کا مقابلہ تجربہ کار اور دفاعی چیمپئن ایران کے عامر سرکوش سے تھا۔ پاکستانی کیوئسٹ نے بہترین اسنوکر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط حریف کو چار، ایک سے ہرا کر انہیں مسلسل چوتھے اور مجموعی طور پر پانچویں فائنل کھیلنے سے محروم کردیا۔
اویس منیر کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 57-36، 0-80، 75-15، 67-47 اور 69-32 رہا۔
واضح رہے کہ اویس منیر 2015ء کے بعد پہلے پاکستانی کیوئسٹ ہیں جنہوں نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ 2015 میں پاکستان کے حمزہ اکبر نے ایونٹ کا فائنل کھیل کر ٹائٹل جیتا تھا۔ قبل ازیں کوارٹر فائنل میں اویس منیر نے ایران کے میلاد فتحپور کاشانی کیخلاف اسی مارجن سے کامیابی کے ذریعے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔