دھاندلی کا الزام: سابق کمشنر لیاقت چٹھہ نے کمیٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا

22 Feb, 2024 | 01:24 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی کمیٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔

 سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے چند روز قبل الیکشن میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا ہم نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کروائی، جو امیدوار 50 سے 70 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھے انہیں ہروایا، ہم نے پاکستان کے ساتھ دھوکہ کیا، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پاکستان بھی اس کے ذمہ دار ہیں، انہیں بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے۔

 ترجمان الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس پاکستان نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی سختی سے تردید کر دی تھی۔الیکشن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس حوالے سے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈی سیز کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے تھے۔

 ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو بیان دینے کیلئے گزشتہ روز نوٹس بھیجا تھا۔ذرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے الیکشن کمیشن کی کمیٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ 

مزیدخبریں