قیدیوں کی گاڑیاں موجود ہیں جس نے گرفتاری دینی ہے دے دے، پنجاب پولیس کا اعلان

22 Feb, 2023 | 06:18 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتاریاں دینے کی پیشکش کردی گئی ہے،یہ پیشکش پنجاب پولیس کی جانب سے مال روڈ پر موجود پی ٹی آئی کارکنوں کو اعلانات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار چھوٹے مائیک کے ذریعے اعلانات کر رہے ہیں کہ جو کارکنان گرفتاریاں دینا چاہتے ہیں وہ قیدیوں کی گاڑیوں میں بیٹھ سکتے ہیں، پولیس کی جانب سے قیدیوں کی گاڑیاں مال روڈ پر پہنچا دی گئی ہیں اور اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود ہے۔

علاوہ ازیں نگراں صوبائی حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

پنجاب کی نگراں حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچزکی وجہ سے حکومت نے شہر کے مختلف حصوں میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا تھا، کرکٹ ٹیموں کی آمد کی وجہ سے آج حکومت نے مال روڈ پر خصوصی اقدامات کئے تھے،ترجمان کے مطابق سیاسی جماعت کے کارکنان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے پارٹی کے 5 سے 7 سو کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

مزیدخبریں