ملک سلطان اعوان: پی ایس ایل کے آخری گروپ میچ میں سنسنی خیر مقابلے بعد پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سپراوور میں شکست دیدی۔
لاہور قلندرز نے 159 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ اننگز کے آخری اوور میں کپتان شاہین آفریدی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، 20ویں اوور میں لاہور قلندرز کو فتح کیلئے 24 رنز درکار تھے، شاہین آفریدی نے جارہانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چکھے اور ایک چوکے کی مدد سے سکور برابر کردیا، تاہم لاہور قلندرز سپر اوور میں وہاب ریاض کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے، صرف 6 رنز کا ہدف شعیب ملک نے 2 مسلسل چوکے لگا کر پورا کردیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حفیظ 49 اور شاہین 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے جہاں شعیب ملک 32 رنز بنا کر نمایاں رہے دیگر کھلاڑیوں میں حیدر علی 25، حضرت اللہ زازئی 20، خالد عثمان 19، کامران اکمل 18 اور حسین طلعت نے 17 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔