سٹی 42: لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آنے پر محکمہ ماحولیات ان ایکشن، غیر معیاری ایندھن استعمال کرنیوالی 2 سٹیل ملز سیل۔رنگ روڈ پر فیکٹریوں میں چھاپے،آلودگی کنٹرول کرنیوالے آلات کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن اور کمشنر لاہور ذولفقاراحمد گھمن کی ہدایات پرمحمود بوٹی کے علاقے میں غیر معیاری ایندھن استعمال کرنے والی دو سٹیل ملز سیل کردی گئیں۔ سیل ہونے والی ملوں میں نعیم سٹیل مل اور سرفراز سٹیل مل شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کا کہنا ہے کہ آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
فیکٹری مالکان غیر معیاری ایندھن کے استعمال کو فوری طور پر ترک کر کے آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کی تنصیب یقینی بنائیں۔ آلودگی پھیلانے کا سبب بننے والی فیکٹریز سیل کردی جائیں گی۔
دوسری جانب لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 158 ریکارڈ، شہر کی آب و ہوا آلودہ، سانس اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ۔ لاہور سموگ اور آلودگی کی بنا پر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
شہر میں مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 158 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایئرکوالٹی انڈیکس بڑھنے سے شہر کی فضا مزید آلودہ ہوگئی ہے۔ ڈیفینس فیز 8 کے علاقے میں فضا آلودہ ترین اور ائیر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایمپرس روڈ گڑھی شاہو 177 ، کینٹ 176، گلبرگ 169، ماڈل ٹائون 164جبکہ لمز یونیورسٹی ڈیفینس کے علاقے میں 159 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کیجانب سے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔