مرغی کے گوشت کی قیمت سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

22 Feb, 2021 | 02:07 PM

Arslan Sheikh
Read more!

سعید احمد سعید: رمضان المبارک سے قبل مہنگائی میں مسلسل اضافہ، ایک ہفتے میں برائلر مرغی کا گوشت 25 روپے فی کلو بڑھ گیا، سرکاری نرخنامے میں اضافے سے خریدار اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں۔

حکومتی نااہلی اور بےبسی کے باعث رمضان المبارک سے قبل مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ برائلرمرغی کا گوشت سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، ایک ہفتےمیں برائلرمرغی کا گوشت 25 روپے فی کلو بڑھ گیا۔ سرکاری نرخنامے کےمطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 328 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ 14 فروری کو برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 303 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری حکومت کیخلاف پھٹ پڑے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ قیمت میں مسلسل اضافے سے چکن غریب کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے، عوام میں قوت خرید ہی نہیں رہی۔ ڈر ہے کہ رمضان المبارک میں گوشت 500 روپے تک نہ پہنچ جائے۔

مارکیٹوں میں خریدار نہ ہونے سے دکاندار بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے کے باعث بازاروں میں رش ہی نہیں۔ قیمت میں اضافے سے صبح سے کوئی بھی گاہک نہیں آیا۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے سے بون لیس چکن گوشت 450 روپےفی کلو، چکن قیمہ 550 روپے کلو، لیگ پیس 360 روپے جبکہ کلیجی پوٹہ 200 روپے فی کلو میں فروخت ہوئے۔

دوسری جانب سبزیوں کی قیمت میں پانچ سے دس روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ آلو 40 روپے، ٹماٹر 30 روپے اور پیاز 40 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہے ہیں۔ لہسن 200 روپے، ادرک 300 روپے، کھیرا 40 روپے کلوفروخت، کریلے 280 روپے، پالک 20 روپے اور میتھی 40 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔

اسی طرح بینگن 80 روپے، بند گوبھی اور پھول گوبھی 30 روپے کلو ریٹ مقرر ہے جبکہ شملہ مرچ 100 روپے، سبز مرچ 200 روپے، لیموں 120 روپے کلو فروخت ہور ہے ہیں۔

مزیدخبریں