(سٹی42) مغلپورہ میں بچوں کی لڑائی کے دوران سر میں ڈنڈالگنے کے نتیجے میں واپڈا ملازم قتل ، پولیس نے 3بھائیوں اور خاتون سمیت 4افرادپر مقدمہ درج کر کے لاش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈرائی پورٹ پر بچوں میں کسی بات پر جھگڑا ہو گیا اس دوران 56سالہ ارشد بیچ بچاؤ کرانے کے لیے آگے بڑھا تو عرفان وغیرہ نے اس کے سر میں ڈنڈا دے مارا جس کے نتیجے میں ارشد بے ہوش ہو گیا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے مقتول کے بھائی کی درخواست پر خاتون سمیت 3بھائیوں عرفان ، عدنان اور ذیشان پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
واضح رہے کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے تعاقب میں بے گناہ افراد بھی قانون کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں،عوامی تحفظ کے لئے بنائے سکیورٹی ادارے دن رات شہریوں کی مال وجان کی حفاظت کے لئے الرٹ ہیں مگر کچھ ایسے واقعات بھی دیکھنے میں آئے جہاں ملزمان کے کواحقین ان کے اداروں کے خلاف محاذ آرائی کررہے ہیں۔
ایسا ہی واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا تھا، رائیونڈ میں بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے تھے،محلے داروں نے گھر میں گھس کر خاتون اور بچوں پر تشدد کیا،بعدازاں ملزمان گلی میں فائرنگ کر کے خوف و ہراس بھی پھیلاتے رہے،علاقہ میدان جنگ بنا رہا مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔
علاوہ ازیں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا تھا،شمالی چھاؤنی کے علاقے خیبر کالونی کا رہائشی 45 سالہ مقتول معراج خالد نے ملزم فہیم کو محلے میں گالم گلوچ سے منع کیا تھا ،جس پر ملزم فہیم نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مقتول معراج خالد جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے ملزم فہیم کو گرفتار کر لیا۔