( سٹی 42 ) فلم ” دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ریلیز میں حائل رکاوٹیں ختم، فلم اسی سال سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ اپنے اعلان کے بعد سے ہی مسلسل تنازعات کا شکار تھی۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اورحمائمہ ملک جیسے سپر اسٹارز نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں یہی وجہ ہے کہ شائقین کو اس فلم کا بے چینی سے انتظار تھا۔
فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کا اعلان کردیا ہے۔ فلم ڈیڑھ سال سے التواء کا شکار تھی اب عیدالفطر پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
واضح رہے 1979 میں ریلیز ہونے والی پاکستان کی تاریخ کی سپر ہٹ فلم مولا جٹ کے پروڈیوسر اور باہو فلمز کارپوریشن کے سی ای او سرور بھٹی کی جانب سے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ہدایت کار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا دعوی دائر کیا گیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ نئی فلم بنانے کے لیے ان کی رضامندی نہیں لی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ فلم گزشتہ دو برسوں سے قانونی تنازعات کا شکار تھی۔
اوریجنل فلم مولاجٹ کے پروڈیوسر کی جانب سے ان کی فلم کے خلاف تمام قانونی کیسز واپس لے لیے گئے تھے اور وہ غیر مشروط طور پر ان کیسز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
پروڈیوسر سرور بھٹی کا مقدمات واپس لینے کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے تمام چیزوں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ عمارہ حکمت اور بلال لاشاری میرے بچوں کی طرح ہیں، وہ جب چاہیں دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریلیز کردیں مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔