سانحہ تیزگام ، سٹی 42 کی خبر پر ایکشن

22 Feb, 2020 | 07:50 PM

Malik Sultan Awan

(سعید احمد سعید) سٹی فورٹی ٹو کے سانحہ تیزگام کی متنازعہ انکوائری رپورٹ پر ایکشن ہو گیا، خاتون سمیت 11لاپتہ افراد اور متاثرین کو کم معاوضے ملنے کے انکشاف کی بازگشت قومی اسمبلی میں بھی پہنچ گئی، قومی اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کرلیا۔
سانحہ تیز گام کی انکوائری رپورٹ اور متاثرین کو امداد نہ ملنے کے معاملہ پر قومی اسمبلی اسٹینڈنگ کمیٹی ریلوے کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس 24فروری کو پارلیمنٹ لاونج میں طلب کیا گیا ہے، سٹی 42 نے تیز گام حادثے کے لاپتہ افراد اور متاثرین کو کم معاوضے ملنے کی خبر(،تیزگام حادثہ، متاثرین تاحال امداد کے متلاشی)بریک کی تھی۔

اجلاس میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ریلوے محمد معین وٹو، سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ایم این اے علی پرویز ملک، محمد بشیر خان، منصور حیات خان، ارباب امیر ایوب، پیر فضل علی شاہ، رامیش لال اور شیخ راشد شفیع سمیت دیگر ممبرز شریک ہوں گے، آئی جی ریلوے پولیس، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کراچی، ملتان، چیف میڈیکل آفیسر ریلوے کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں تیزگام حادثے کی انکواری رپورٹ، لاپتہ افراد کے حوالے ہونے والی تحقیق اور متاثرہ افراد کیلئے کیے جانے والے اقدامات زیر بحث آئیں گئے۔

فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ریلویز کو بھی ریکارڈ اور انکوائری رپورٹ کے ہمراہ حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے، اجلاس میں جواب پیش کروانے کے حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹر نے تیاری مکمل کرلی ہیں، اجلاس میں وزارت ریلوے کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں