(زین مدنی) پاکستان سپرلیگ( پی ایس ایل) سیزن 5 کے آغاز پر فنکاروں نے نیک تمناﺅں اور خوشی کا اظہار کیا ہے، راشد محمود، حمیرا ارشد، اور ثناء کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے پاکستان کے مختلف شہروں میں انعقاد پر بہت خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ایسے ہی کرکٹ کے میدان بحال رہیں گے۔
مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ایک بار پھر پاکستان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، کرکٹ واپس پاکستان آگئی، آئیں دنیا کو دکھائیں کہ ہم ایک با رپھر کھیلوں کے بڑے مقابلے کی میزبانی کے اہل ہیں۔
عدنان صدیقی نے لکھا مبارک ہو، بین الاقوامی کرکٹ اورپی ایس ایل پاکستان میں واپس آگئی۔
عالمی شہر ت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ اس سے بہتر کچھ نہیں کہ کرکٹ آپ کے ملک میں کھیلی جائے، اس بارپی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہورہے ہیں، یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ بہت بہت مبارک ہو، کرکٹ گھر آگئی۔
اداکارہ ماورا حسین، ماہ نور نے کہا کہ میں کوشش کروں گی کہ جتنے میچز میں شرکت کرسکتی ہوں کروں، گیم کا لطف لیتے وقت یہ نہ بھولیے گا کہ آپ ایک ذمہ دار شہری ہیں۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کیلئے بہت بڑا سنگ میل ہے تو آئیں مل کر جشن مناتے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل کی تمام ٹیمز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔