پی ایس ایل 10 میں فینز چوائس ایوارڈز متعارف کرنے کا اعلان

22 Dec, 2024 | 04:09 PM

شہباز علی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کے لئے خوشخبری ہے کہ اس مرتبہ فینز چوائس ایوارڈز متعارف کرائے جائیں گے۔

 ان ایوارڈز میں شائقین اپنے ووٹ کے ذریعے گزشتہ ایڈیشنز میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔

فینز چوائس ایوارڈز کی چھ کیٹگریز میں بہترین بیٹر، بہترین بولر، بہترین آل راؤنڈر، سب سے قیمتی کھلاڑی، بہترین انفرادی بولنگ پرفارمنس اور بہترین انفرادی بیٹنگ پرفارمنس شامل ہوں گی۔ شائقین اپنی پسندیدہ پرفارمنس کو ووٹ دے کر ان کھلاڑیوں کو ایوارڈ جیتنے میں مدد فراہم کریں گے۔

ایوارڈز کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے نام 11 جنوری کو پی ایس ایل ڈرافٹ کی تقریب میں اعلان کیے جائیں گے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ، "ایچ بی ایل پی ایس ایل میں فینز کا جذبہ اور ان کی شمولیت ہمیشہ اہم رہی ہے اور ان ایوارڈز کے ذریعے ہم شائقین کرکٹ کی اس وابستگی کا اعتراف کرنا چاہتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کامیاب سفر ان پرجوش شائقین کے بغیر ممکن نہیں ہوتا اور ہم شائقین کو ایوارڈز کے ذریعے مزید شریک کرنا چاہتے ہیں۔" 

مزیدخبریں