ملکی ترقی میں خواتین کا کردار اہم، خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وزیراعظم

22 Dec, 2024 | 04:08 PM

 (اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  کہاہے کہ ہم  معاشرے کی تعمیر اور ملکی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں پاکستانی خواتین کے اہم کردار اور شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ورکنگ ویمن کے قومی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں اور ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں،جیسا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بجا طور پر فرمایا تھا کہ کوئی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ تمہاری عورتیں تمہارے شانہ بشانہ نہ ہوں۔

 وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ ورکنگ ویمن کے قومی دن پراس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کو ملک کی ترقی میں بہترین کارکردگی اور کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے،خواتین تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سے لے کر کاروبار اور عوامی خدمت تک مختلف شعبوں میں قائدانہ عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں،خواتین کی خدمات پیشہ ورانہ میدان کے علاوہ خاندانوں کی پرورش اور آنے والی نسلوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے بھی ناگزیر ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے کام کرنے والی خواتین کی مدد کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں جن میں خواتین میں کاروباری صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی، خواتین کی تعلیم اور کھیلوں کی ترقی کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام شامل ہیں،مزید برآں خواتین کی دوہری ذمہ داریوں میں ان کو مدد فراہم کرنے کے لیے اداروں میں ڈے کیئر مراکز کا قیام بھی ہر ادارے کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے،ہم نے خواتین کی مہارت اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے ہیں تاکہ ان کو بااختیار بنایا جا سکے اور وہ سرکاری اور نجی اداروں میں اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکیں۔

 وزیراعظم نے مزید کہاکہ ہماری حکومت ایک ایسے مستقبل کے لئے کام کر رہی ہے جہاں خواتین کے کے لیے اعلیٰ عہدوں تک پہنچنا معمول ہو،آئیے ہم کام کرنے والی خواتین کو درپیش چیلنجوں کو کم کرنے اور خواتین کے لیے کام کا ایسا ماحول فراہم کرنے کا عہد کریں جہاں وہ ترقی کر سکیں،ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ خواتین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔

مزیدخبریں