ویب ڈیسک: جنوب مغربی ترکیہ میں ایک ایمبولینس ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ہیلی کاپٹر نے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کے قریب 2 پائلٹوں، ایک ڈاکٹر اور ایک طبی ورکر کو لے کر موغلا ٹریننگ اینڈ ریسرچ ہاسپٹل سے ٹیک آف کیا تھا۔
ٹیک آف کے فوری بعد یہ ہیلی کاپٹر اسپتال کی اوپری منزل سے ٹکرا گیا اور قریب موجود احاطے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر گزشتہ روز خراب موسم کے باعث پرواز نہیں کرسکا تھا۔ 22 دسمبر کی صبح اس نے انطالیہ جانے کی کوشش کی مگر شدید دھند کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثے سے عمارت کے اندر یا زمین پر موجود کسی فرد کو نقصان نہیں پہنچا۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں وہاں پہنچ گئی تھیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں حادثے میں 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔دوسری جانب حکام کی جانب سے بھی حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔