ویب ڈیسک: معروف اداکار فیروز خان کی دوسری اہلیہ زینب سے علیحدگی کی افواہوں پر ان کی بہن اداکارہ حمائمہ ملک نے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فیروز خان نے رواں برس ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی اورگزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر زینب کے اکاؤنٹ کے نام سے منسوب کچھ اسکرین شاٹس وائرل ہوئے ہیں جس میں فیروزخان کی اہلیہ زینب کی جانب سے لکھا گیا کہ میری اور فیروز کی علیحدگی ہوگئی ہے اور یہ میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا،تاہم یہ اسکرین شاٹس جعلی ہیں، جس کا ثبوت زینب کی حالیہ انسٹاگرام اسٹوری ہے جس میں وہ اور فیروز ایک جم میں موجود ہیں۔
یہی اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حمائمہ ملک نے جھوٹی خبریں پھیلانے والے صارفین کو کھری کھری سنادیں،اداکارہ نے وضاحتی انداز میں کہا کہ اللہ کے لوگو فیروز اور زینب جاگنگ پر گئے ہیں اور سلطان اور فاطمہ میرے ساتھ بیٹھے فلم دیکھ رہے ہیں، آپ لوگ اللہ سے ڈریں، فیروز سے آگے جہان اور بھی ہیں۔
حمائمہ ملک نے مزید کہا کہ کبھی شادی، کبھی طلاق اور کبھی افیئر کی خبریں پھیلا دیتے ہیں، براہ مہربانی یہ ہماری فیملی ہے، ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ بے حد خوش ہیں۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی،ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی،بعدازاں 2022 میں فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی تھی ۔