حسنین ساجد:شہر لاہور میں بادلوں نے سورج کا راستہ روک لیا ہے، جس کے باعث شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے اور دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 8 جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ آئندہ ہفتے بھی خشک سردی جاری رہے گی، خشک سردی کے باعث شہریوں میں موسمی امراض زور پکڑنے لگے، شہریوں کو موسمی امراض سے بچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور سنگین ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 291 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 800 سے تجاوز کر گئی ہے، جس سے شہریوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ڈی ایچ اے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 841، عسکری ٹین میں 678، پاور زون ہیڈ آفس میں 628، جوہر ٹاؤن میں 613، رائیونڈ روڈ پر 553، اور پولو گراؤنڈ کینٹ میں آلودگی کی شرح 538 ریکارڈ کی گئی ہے۔