ویب ڈیسک:برازیل کے جنوب مشرق علاقے میں مسافر بس اور ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برازیل کے جنوب مشرقی علاقے میں ہفتے کے روز ایک خوفناک بس حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہوگئے، جسے برازیلین صدر نے 'خوفناک سانحہ' قرار دیا۔
بس ساؤ پالو سے شمال مشرقی ریاست باہیا کے شہر وٹوریا دا کونکویسٹا جا رہی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں بس میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے مسافروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔
پولیس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حادثے میں 38 افراد ہلاک ہوئےجبکہ 8 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بس ڈرائیور اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
خبررساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کے حوالے سے متضاد بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔ فائر فائٹرز نے ابتدائی طور پر بتایا کہ رات 3:30 بجے ایک بس کا ٹائر پھٹا، جس سے ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور گاڑی ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حکام نے بتایا کہ ایک اور گاڑی بھی بس سے ٹکرائی تھی لیکن اس کے مسافر بچ گئے۔
تاہم، بعد میں فائر فائٹرز نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک سے گرینائٹ پتھر کا ایک بلاک بس پر گرا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ 2007 کے بعد برازیل میں ہونے والا سب سے مہلک ٹریفک حادثہ ہے۔