رانا فاران یامین: پنجاب میں دھند کی شدت کے باعث موٹروے ایم 5 رحیم یار خان سے گھوٹکی تک اور موٹروے ایم 4 خانیوال سے عبد الحکیم تک بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ یہ اقدامات عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے ہیں۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کریں کیونکہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کیلئے بہترین اوقات ہیں۔
مزید برآں ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، ساتھ ہی اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ترغیب دی اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لینے کی بھی ہدایت دی۔
سید عمران احمد کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور موٹرویز کی بندش کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنا ہے۔