لاہور میں خواتین، بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ

22 Dec, 2023 | 04:44 PM

اسرار خان: لاہور میں زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے واقعات بدستور جاری، رواں سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران زیادتی کے 711، اجتماعی زیادتی کے 32 مقدمات درج ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف تھانوں میں نابالغ بچیوں کے ساتھ زیادتی کے 111 واقعات رپورٹ ہوئے۔ زیادتی کے واقعات میں صدر ڈویژن 166 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا، کینٹ ڈویژن زیادتی کے 152 مقدمات کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ زیادتی کے 142 مقدمات کے ساتھ ماڈل ٹاؤن ڈویژن تیسرے نمبر پر رہا۔ 

اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 106، سٹی ڈویژن میں زیادتی کے 102 مقدمات درج ہوئے، اس کے علاوہ سول لائنز ڈویژن میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران زیادتی کے 43 مقدمات درج کئے گئے۔ 

اجتماعی زیادتی میں صدر اور سٹی ڈویژن 8، 8 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہے، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کے 4 مقدمات درج ہوئے۔ کینٹ اور سول لائنز ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کے 3، 3 مقدمات درج کئے گئے۔ 

نابالغ بچوں کے ساتھ زیادتی کے 30 مقدمات کے ساتھ صدر ڈویژن سرفہرست رہا، کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 22، 22 مقدمات درج کئے گئے۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں نابالغ بچیوں کے ساتھ زیادتی کے 20 واقعات رپورٹ ہوئے، سٹی ڈویژن میں 15، سول لائنز ڈویژن میں 5 نابالغ بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا۔ 

مزیدخبریں