ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل زام کینال میں 110 فٹ کا شگاف پڑگیا جبکہ کینال کے متاثرہ مقام پر 25 روز قبل مرمتی کام مکمل کیا گیا تھا، کینال کا پانی کلاچی اور ڈیرہ کے مختلف دیہاتوں کو متاثر کررہا ہے۔
محکمہ ایریگیشن حکام کے مطابق پانی کلاچی اور ڈیرہ کے مختلف دیہات میں پھیلنے لگا جس کے بعد کوٹ مرتضیٰ ہیڈ سے پانی کا اخراج بند کر دیا گیا ہے۔ شگاف کے بعد کاشتکاروں نے صوبائی حکومت اور محکمہ ایریگیشن کے خلاف احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ تیار فصلوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ایریگیشن ذرائع کے مطابق حالیہ سیلابی ریلوں میں بھی اسی مقام پر 110 فٹ چوڑا شگاف پڑا تھا، جس کا مرمتی کام 25 دن قبل مکمل کیا گیا تھا۔
محکمہ ایریگیشن حکام کے مطابق پیٹرولنگ اسٹاف کی کمی کے باعث بروقت شگاف پُر کرنے کے لئے کارروائی نہیں کرسکے۔