(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے پوری دنیا کو پریشان کر کے رکھ دیا، دنیا بھر کے تمام ممالک اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہے ہیں، اعلیٰ حکام کی جانب سے شہریوں کو کوروناویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
نیویارک کے میئر نے شہریوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی جانب راغب کرنے کیلئے نئے سال سے پہلے لگوانے والوں کیلئے 100 ڈالر یعنی 18 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔ میئر کا کہنا ہے کہ یہی وقت ہے جب آپ بوسٹر ڈوز کے ذریعے خود کو اور اپنی فیملی کو محفوظ کر سکتے ہیں، یہ چند ہفتے بہت ہی چیلنجنگ ہیں، اس لیے یہ اقدام کیے جا رہے ہیں، جولائی میں بھی نیو یارک سٹی نے پہلی ڈوز لگوانے والوں کو 100 ڈالرز ادا کیے تھے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ہم سب کو کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے لیکن گھبرانا نہیں چاہیے، اگر آپ مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہیں اور ویکسین کی بوسٹر ڈوز بھی لگوالی ہے تو آپ محفوظ ہیں البتہ اگر آپ نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی تو یہ خطرے کی بات ہے۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ برائے مہربانی جلد سے جلد کورونا ویکسین لگوائیں۔
ڈیٹا کے مطابق نیویارک سٹی میں 17 دسمبر کے ہفتے میں کورونا کی شرح گزشتہ ہفتوں سے 8 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے، ایک ہفتے میں 93 سو افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
دوسری جانب سی ڈی سی ڈیٹا کے مطابق امریکا میں 61.1 فیصد لوگوں نے مکمل ویکسی نیشن کرا لی ہے جبکہ 62.2 ملین لوگوں نے بوسٹر ڈوز لگوا لی ہے۔
برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے بوسٹر شاٹس کورونا کی نئی قسم اومیکرون کیخلاف 71 سے 75 فیصد تحفظ دیتے ہیں۔