ریحان گل: ادرک کی بڑھتی قیمتیں مزید پرواز کے لئے تیار، متعلقہ اداروں نے ادرک مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا، ادرک کی قیمت میں مزید 2 ماہ تک بڑھاو جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ادرک کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں ادرک کی قیمت 1000 روپے تک پہنچ چکی ہے، لیکن متعلقہ اداروں نے ادرک مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ پنجاب حکومت کو دی گئی بریفنگ کے مطابق ادرک کی قیمت میں مزید 2 ماہ تک بڑھاو جاری رہے گا کیونکہ ادرک چین سے درآمد کی جاتی ہے، لیکن کورونا کے باعث چین سے درآمد بند ہے، فروری میں تھائی لینڈ سے ادرک آنے پر قیمت میں کمی آنا شروع ہو گی۔
دوسری جانب موسم سرما میں انڈوں کی قیمتیں بھی آؤٹ آف کنٹرول ہونے لگیں۔ گزشتہ روزایک روپیہ مزید مہنگے ہونے سے 199 روپے درجن ہو گئے۔ ایک سال میں انڈے 71 روپے درجن تک مہنگے ہوگئے۔ شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 9روپے کمی سے 293روپے، زندہ برائلر 6روپے کمی سے 202روپے ہو گئی۔
دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کے سبزیوں اور پھلوں کے گزشتہ روزکے نرخناموں کے مطابق آلو نیا کچا چھلکا اول زیادہ سے زیادہ 42، دوم 37روپے میں فروخت ہوا۔ پیاز درجہ اول 40، دوم 36،سوم 32،لہسن دیسی 265 ،ٹماٹر درجہ اول90 ،دوم 80 ، ادرک تھائی لینڈ 630 ،سیب کالا کولو 130 روپے کلو دستیاب تھا۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول رپورٹ کے مطابق 630 انسپکشنز کی گئیں، 43خلاف ورزیاں سامنے آئیں،گرانفروشوں کو 76 ہزار 500 روپے کے جرمانے، 2 ایف آئی آرز کا اندراج اور 2کو حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں برکت مارکیٹ میں نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر 3 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔