(درنایاب) ایڈیشنل کمشنر لاہور طارق قریشی نے کہا ہے کہ ٹریفک روانی کیلئے نیازی چوک اور ملتان روڈ پر نجی اڈوں کے آگے کھولے گئے ڈیوائیڈرز کو بند کیا جائے۔
ایڈیشنل کمشنر کی زیر صدارت ٹریفک سٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، طارق قریشی نے کہا کہ ایل ٹی سی، ایکسائز اور آر ٹی اے تمام نان رجسٹرڈ چنگ چی کے خلاف ایکشن لیں، 20 سال پرانی کمرشل گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، جس کے بعد ایسی گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ بند کر دیا جائیگا۔
طارق قریشی نے کہا کہ موٹر سا ئیکلوں کو رکشوں میں بدلنے پر کریک ڈاؤن کیا جائے، شو رومز اور کالجوں کی گاڑیوں نے کئی اہم سروس لینز بند کر رکھی ہیں، اے سی سٹی و ماڈل ٹاؤن پر مشتمل انفورسمنٹ کمیٹی سروس لینز کو کھلا رکھنے کے لئے کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارکنگ کمپنی 6 ماڈل سڑکوں پر اجازت شدہ پارکنگ سٹینڈزکو واضح مارک کرے اور پارکنگ ایریا کے نشاندہی بورڈ لگائے، ریگل چوک میں بے ہنگم پارکنگ روکنے کیلئے ایم سی ایل کا کیمپ لگایا جائے۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ لاہور، ہیڈ سٹریٹیجک مینجمنٹ یونٹ وزیراعلیٰ پنجاب فضیل آصف، سیف سٹی اتھارٹی، ایل ڈی اے، ایکسائز، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پارکنگ کمپنی، چیف انجینئر ٹیپا، ٹریفک پولیس، پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے، سی او ایم سی ایل، واسا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، ایل ٹی سی اور ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا نے شرکت کی۔