قومی قیادت کا لاقانونیت کی آماجگاہوں کو نابود کرنے کا عزم، مریم نواز کا آپریشن کا حکم

22 Aug, 2024 | 11:16 PM

سٹی42:   رحیم یار خان میں پولیس کی سڑک پر کیچڑ میں پھنسی گاڑیوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے گیارہ سے زائد اہلکاروں کو شہید کرنے کے سانحہ نے پاکستان کی قیادت اور عوام  دونوں میں غم و غصہ کی شدید لہر دوڑا دی ہے۔ قوم کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، تمام اغوا کئے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری بازیابی کے لئے آپریشن کیا جائے گا اور  لاقانونیت کی آماجگاہوں کو مکمل طور پر نابود کیا جائے گا۔

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سانحہ میں اغوا کر لئے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری طور پر بازیابی کے لئے آپریشن کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر پنجاب پولیس کے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور خود رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں۔ 

صدر مملکت کی پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نےرحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی  ہے۔ صدر مملکت کا حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی  کی ضرورت پر زور دیا۔ 

 صدر مملکت نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔

صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، پولیس اہلکاروں کے لیے بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔ 

وزیرِ اعظم کی پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید مزمت، فوری کارروائی کا حکم

 وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے حملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا، اور شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ 

شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں. 

وزیرِ اعظم نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی، ساتھ ہی حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں. مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے.

وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، محسن نقوی نے حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ 

 محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔   شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

 وزیراعلیٰ مریم نواز  کا  قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے آپریشن کا حکم 

 وزیراعلیٰ  مریم نواز شریف کی جانب سے بھی رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا گیا ہے ۔ مریم نواز نے  شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے حرف عقیدت پیش کیے، انہوں نے  سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار  کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ 

مریم نواز نے کہا  کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے اور پولیس پر حملہ کے مرتکب قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے  کیلئے آپریشن کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔ انہوں نے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو  رحیم یار خان پہنچ کر پولیس کے اغوا کئے گئے اہلکاروں کی بازیابی اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے آپریشن کی قیادت کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب آپریشن کی نگرانی کیلئے روانہ ہوگئے

پنجاب حکومت کے حکام کے مطابق وزیراعلی کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی  رحیم یار خان روانہ ہوگئے ہیں، یہ سینئیر افسر ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی قیادت کریں گے۔

وزیراعلی مریم نواز نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں  زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کیں۔


 
واضح رہے کہ رحیم یار خان کےکچے کے علاقے میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ 5  جوان لاپتہ تھے جن کو  بعد میں حملہ کے علاقہ سے ریسکیو کرلیا گیا۔ ڈاکوؤں کے حملے میں 6 زخمی اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

 پنجاب پولیس کے مطابق کچےکےعلاقے میں پولیس کی 2 گاڑیاں ہفتہ وار ڈیوٹی سے واپس آرہی تھیں، ایک گاڑی خراب ہوئی، جس پر اچانک راکٹ لانچرز سےحملہ ہوا۔

مزیدخبریں