رحیم یار خان میں پولیس کی گاڑیوں پر ڈاکوؤں کا راکٹ حملہ، 12 اہلکار شہید

22 Aug, 2024 | 09:42 PM

ویب ڈیسک : رحیم یار خان کے علاقے میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نےکچےکے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کیا ،  پولیس اہلکار کچہ میں 15 دن کی ڈیوٹی ادا کرکے واپس آرہے تھے اسی دوران پولیس کی دو گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئیں، جس کے بعد ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے پولیس پر حملہ کردیا۔ ڈاکوؤں کے حملے میں 12  پولیس اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے جب کہ 5 اہلکار لاپتہ ہو گئے۔ ان لاپتہ اہلکاروں کو بعد میں ریسکیو کر لیا گیا۔ 

 ڈاکوئوں  نے راکٹ لانچر حملے کے ساتھ مسلسل فائرنگ بھی کی۔ راکٹ لانچر حملہ میں پولیس کو بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات موصول ہونے پر پولیس کے سینئیر افسر مزید نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ انہوں نے لاپتہ ہونے والے اہلکاروں کو ریسکیو کیا۔ حملے کے بعد رحیم یار خان پولیس نے بھاری نفری علاقے میں طلب کرلی ہے، تاہم کچہ میں پولیس اہلکاروں کو احتیاط اور بلٹ پروف جیکٹس پہننے رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ 

آئی جی پنجاب سمیت سینئر افسران رحیم یار خان کیلئے روانہ 

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سمیت سینئر افسران رحیم یار خان کے لئے روانہ ہوگئے ۔ 

رحیم یار خان روانگی سے پہلے لاہور مین گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کچہ کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر راکٹ لانچر حملے میں اب تک  09  اہلکاروں کے شہادت کنفرم ہو گئی ہے، حملے میں  متعدد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، محسن نقوی نے حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ 

 محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔   شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

 مریم نواز کا لاپتہ پولیس اہلکاروں کوو بازیاب کرانے  اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے آپریشن کا حکم 

 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ۔انہوں نے  سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار  کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ 

وزیراعلیٰ نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کوو بازیاب کروانے اور حملہ میں ملوث قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے آپریشن کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے آئی جی پولیس سے صورتحال کی فوری رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

صدر مملکت کی پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بھی رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی گئی۔ صدر مملکت کا حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی  کی ضرورت پر زور دیا۔ 

 صدر مملکت نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔

صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، پولیس اہلکاروں کے لیے بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔ 

وزیرِ اعظم کی پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید مزمت، فوری کارروائی کا حکم

 وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکؤوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے حملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا، اور شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ 

شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں. 

وزیرِ اعظم نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی، ساتھ ہی حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں. مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے.

مزیدخبریں