پی ٹی آئی کا جلسہ کس نے ملتوی کیا، اندر کی کہانی سامنے آ گئی

22 Aug, 2024 | 07:03 PM

Ansa Awais

سٹی42:  انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کا ترنول میں جلسہ کسی اور نے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خود منسوخ کروایا لیکن اب فیس سیونگ کے لئے یہ "اندر کی خبر" خود "لیک"  کروائی جا رہی ہے کہ ترنول کا جلسہ بانی عمران خان نے خود منسوخ کروایا۔

پی ٹی آئی کے ذرائع نے  صحافیوں کو کالیں کر کر کے بتایا ہے کہ  اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی نے اپنے ساتھی اعظم سواتی کے ذریعے حکومت کو پیغام پہنچایا  ہے کہ آج کے بعد پاکستان کے کسی بھی شہر میں جلسے منسوخ نہیں کئے جائیں گے، تمام جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے ترنول میں جلسہ ملتوی کرنے کا معاملہ میں اہم  اطلاع یہ سامنے آئی ہے کہ جلسہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو واضح پیغام ملنے کے بعد منسوخ ہوا کیونکہ علی امین گنڈاپور اس جلسہ میں بندے لانے سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔ جلسہ منسوخ کرنے کا جواز پیدا کرنے کے لئے   پی ٹی آئی کے ذرائع نے خود بتا دیا کہ عمران خان نے خود جلسہ ملتوی کروایا اور یہ بھی کہ "عمران خان آخری مرتبہ جلسہ ملتوی کرنے پر آمادہ ہو ئے۔"  پی ٹی آئی کے  ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جلسہ ملتوی کرنے کے حوالے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو حکومت کا پیغام اعظم سواتی کے ذریعے پہنچایا گیا،.

 پی ٹی آئی کے ذرائع نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا   کہ آج کے بعد پاکستان کے کسی بھی شہر میں جلسے منسوخ نہیں کئے جائیں گے۔  بانی پی ٹی آئی نے جیہ بھی کہا کہ لاہور اور ملک کے دیگر علاقوں میں جلسے اور احتجاج شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

صورتحال سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے  کہ پی ٹی آئی کے ترنول جلسہ میں قانون شکن عناصر کو لا کر فساد کروانے کی پلاننگ ہوئی تھی۔ اس صورتحال کو مینیج کرنے کے ذمہ داروں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین کو واضح الفاظ میں بتایا کہ کس اقدام کا کیا انجام ہو گا۔ علی امین خاموشی سے پیچھے ہٹ گئے تو پی ٹی آئی کی قیادت کو خود جلسہ ملتوی کرنا پڑا۔ اب کسی ڈیل کا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اس حوالے سے صورتحال سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ کوئی ڈیل نہ ہوئی نہ ہونے کا کوئی امکان ہے۔ حالیہ جلسہ منسوخ ہونے کا واحد مقصد وزارتِ اعلیٰ بچانا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بھی پی ٹی آئی کا کوئی جلسہ ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ 


 

مزیدخبریں