سٹی42 : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عرب مانیٹری فنڈ کے چئیر پرسن ڈاکٹر فہد الترکی کی ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، زر مبادلہ کو قانونی طریقے سے ملک میں لانے کے حوالے سے حکومت پاکستان اقدامات اٹھا رہی ہے، ملک میں ای-کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے ۔ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے جو کہ ایک بڑا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بونا اور راست کے تعاون سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ استوار ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔ بونا-راست کنیکٹیویٹی پراجیکٹ ملک میں ڈیجیٹل لین دین کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، یہ اہم اقدام ملک میں ترسیلات زر کے بہاؤ کو با ضابطہ بنائے گا اور ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو بہتر بنائے گا ۔ بونا -راست کی بدولت اس زرمبادلہ کو آسان اور سستے طریقے سے پاکستان بھیجا جا سکے گا، بونا-راست ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے۔
چیئر پرسن عرب مانیٹری فنڈ ڈاکٹر فہد نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا سے باہر عرب مانیٹری فنڈ کے منصوبے بونا سے منسلک ہونے والا پہلا ملک ہے ، بونا-راست کی بدولت دونوں اطراف کی معیشت باہمی تعاون اور اعتماد کے ساتھ ترقی کریں گی ۔