ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نےسروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا اور کام طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے فنشنگ کے کام میں تاخیرپر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کام جلداز جلد مکمل کئے جائیں۔
نئی ایمرجنسی کے باہر پڑے پرانے بیڈز دیکھ کروزیراعلیٰ محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نئی ایمرجنسی میں نئے بیڈزرکھنے کا حکم دیا۔ نئی ایمرجنسی میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی انسٹالیشن دیکھ کروزیراعلیٰ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سسٹم کوفوری طورپر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو فوری طور پر بلایا اور نئی ایمرجنسی میں سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیسمنٹ میں جمع ہونے والے پانی کو روکنے کیلئے جامع پلاننگ کی جائے۔ پوری تسلی کے بعد نئی ایمرجنسی مریضوں کیلئے کھولیں گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پرنسپل سروسز ہسپتال کو اپنی نگرانی میں تمام کام اعلی معیار کے ساتھ جلد مکمل کرانے کی ہدایت کی۔
ایم ایس سروسز ہسپتال بھی اس موقع پر موجود تھے۔