بٹگرام کے شہر میں پھنسی چیئرلفٹ سےمتعلق پولیس کی ابتدائی رپورٹ آگئی

22 Aug, 2023 | 06:02 PM

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا کے شہر  بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے7 بچوں سمیت 8 افراد پھنس گئے جنہیں بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

 پولیس رپورٹ کے مطابق چیئرلفٹ میں 7 طالب علم اور ایک مقامی شخص گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی جانے کیلئے سوار ہوئے، صبح 7:45 کے قریب چیئرلفٹ کا ایک کیبل ٹوٹ گیا، کیبل ٹوٹنے سے چیئرلفٹ بیچ راستے میں فضا میں معلق ہوگئی۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرلفٹ زمین سے 900 فٹ کی بلندی پر معلق ہے، چیئر لفٹ میں ابرار، عرفان، اسامہ، رضوان اللہ، عطا اللہ، نیاز محمد، شیر نواز اور گلفراز سوار ہیں۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر بٹ گرام نے کمشنر ہزارہ سے رابطہ کیا، ڈپٹی کمشنر بٹ گرام نے کمشنر ہزارہ سے ہیلی کاپٹر کے انتظام کیلئے کہا، ریسکیو آپریشن کیلئے وادی کاغان میں مقیم ایس ایس جی ٹیم سے بھی رابطہ کیا گیا، آرمی ہیلی کاپٹر صبح 11:45 پر جائے وقوع پر پہنچ گئے، تقریباً 2 بجے پاک فضائیہ کا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کیلئے پہنچ گیا۔

  پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو کی دو ٹیمیں جائے وقوع پر موجود ہیں، قریب موجود تمام بنیادی مراکز صحت میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ گرام میں بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں