آج ڈالر نے گزشتہ ریکارڈ توڑ دیئے، قرض کے بوجھ میں 1300بلین کااضافہ

22 Aug, 2023 | 05:16 PM

سٹی 42:ڈالر کی انٹربینک میں روپے کے مقابلہ میں قیمت کا نیا ریکارڈ بن گیا ,
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر  ایک روز میں1 روپے 88 پیسے مہنگا ہوگیا۔کاروبار کے دوران انٹربینک میں امریکی ڈالر نے 299 روپے کی بلند ترین سطح قائم کردی ۔انٹر بینک میں ڈالر 297.13 روپے سے بڑھ کر 299.01روپے کی نئی  بلند سطح پر بند ہوا۔ 

گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار اختتام پر ڈالر 35 پیسے اضافے کے بعد 297.13 روپے کا تھا۔آج منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں پہلے معمولی کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔

اس سے قبل 11 مئی کو ڈالر 298 روپے 93 پیسے تک جا پہنچا تھا۔

انٹربینک ایکسچینج میں ڈالر کاروباری ہفتے کے دو دنوں میں 2.33 روپے مہنگا ہوا ہے۔


دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 306 روپے پر بند ہوا ہے۔

10 روز میں انٹربینک میں ڈالر 10.52 روپے مہنگا ہوچکا ہے ۔
ایک دن میں روپے کی قدر میں 0.63 فیصد کمی ہوئی ،کل انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 298 روپے 90 پیسے کی بلند سطح  پرتھی ۔

ماہرین  کے مطابق درآمدی بل اور بیرونی قرض کی ادائیگی کے سبب آج کل روپے پر شدید پریشر ہے ۔
ایک اندازہ کے مطابق ڈالر 10.52 روپے مہنگا ہونے سے پاکستانی روپے میں بیرونی قرض کا بوجھ 1300 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

مزیدخبریں