بجلی کے بل دگنے آنے پر شہری بلبلا اٹھے، بزرگ بیہوش

22 Aug, 2022 | 03:33 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)بلوں کے ستائے شہری سڑکوں پر، قلعہ گجر سنگھ کے رہائشیوں کا اضافی بجلی کے بلوں پر احتجاج، چائنہ سکیم کے شہریوں کی جانب سے رنگ روڈ ,سروس روڈ بند کرکے واپڈا کےخلاف احتجاج کیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق احتجاج شملہ پہاڑی پریس کلب کے سامنے کیا گیا، شہریوں کا کہنا تھا اتنے یونٹس نہیں چلتے جتنے ٹیکس لگادئیے جاتے ہیں۔ ہماری آمدنی 20 ہزار جبکہ بل دگنے آتے ہیں۔ احتجاجیوں کا مزید کہنا تھا ہم گھر کا کچن چلائیں، بچوں کو پڑھائیں، گھر کا رینٹ ادا کریں یا بل ادا کریں۔احتجاج کے باعث شملہ پہاڑی پریس کلب کے سامنے ٹریفک جزوی طور پر معطل جبکہ روڈ بند کرنے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا اور احتجاجیوں سےتکرار بھی ہوئی۔

دوسری جانب چائنہ سکیم کے شہریوں کی جانب سے رنگ روڈ سروس روڈ بند کرکے واپڈا کے خلاف احتجاج کیا گیا، مرد و خواتین ہاتھوں میں بل تھامے احتجاج میں شریک ہوئے۔

شہریوں کی جانب سے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا گیا اور لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اضافی بل نہ منظور، لیسکو کی غنڈہ گردی نہ منظور، شہری نعرے بازی کرتے رہے۔

دوران احتجاج ایک بزرگ شہری بیہوش بھی ہوا جبکہ روڈ بلاک کرنے پر شہریوں کی احتجاجیوں سے ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔ بعد ازاں مکینوں کی جانب سے احتجاج ختم کرنے پر شہری منتشر ہوگئے، سروس روڈ ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا اور آمدورفت بحال کردی گئی۔
 

مزیدخبریں