ویب ڈیسک : وزارت داخلہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم آفس سے تحریری اجازت مانگ لی ہے۔
دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمے کے بعد عمران خان کی گرفتاری کا امکان ہے اور رات سے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنی گالہ جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں بنی گالہ چوک پر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم آفس سے تحریری اجازت مانگ لی ہے اور عمران خان کی گرفتاری کا وارنٹ آئی جی اسلام آباد کے پاس پہنچ چکا ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے بنی گالہ میں موجود نہیں ہیں، وہ خیبر پختونخوا یا لاہور موجودگی چلے گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ عمران خان بنی گالہ میں ہی موجود ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری حکومتی اتحادیوں کے اتفاق رائے سے عمل میں لائی جائے گی اور اس حوالے سے حکومتی اتحادیوں مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری عمران خان کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری کا سیاسی نقصان ہو گا جبکہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔