ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری، اسد عمر اور مراد سعید سمیت بڑی تعداد میں کارکن بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔
نجی ٹی وی سےبات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ میں موجود ہیں۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ ابھی بھی درجنوں کارکن بنی گالا پہنچ چکے ہیں، چند گھنٹوں میں ہزاروں لوگ بنی گالا میں ہوں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ اب ملک کے دوسرے حصوں سے بنی گالہ کی طرف رواں دواں ہیں۔دوسری جانب لاہور کے لبرٹی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنما جمع ہوئے اور ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا۔
شیخوپورہ میں بھی پی ٹی آئی ورکرز نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا، اسی طرح پشاور میں جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رات دیر سے احتجاج کیا۔واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد اُن کی گرفتاری کا امکان ہے۔